وزیراعظم شہباز شریف کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی(نیوز ڈیسک) معاشی استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز کو کاروباری شخصیت عارف حبیب (Arif Habib) نے اڈیالا جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہاتھ ملانے کی تجویز دے دی۔

کراچی میں وزیراعظم شہباز شریف نے تاجر برادری سے گفتگو کی، اس دوران کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے اسٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا ہے۔

عارف حبیب (Arif Habib) نے کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ دو ہاتھ اور ملائیں ایک ہاتھ آپ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں جبکہ دوسرا ہاتھ اڈیالہ کے باسیوں سے ملائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تاجر برادری کو یقین دہانی کروائی کہ جن مسائل پر فی الفور ایکشن لینا ہے ہم ضرور لیں گے، ساتھ ہی گارنٹی دیتا ہوں کہ اداروں کی نجکاری انتہائی شفاف ہوگی، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں بلکہ پالیسی دینا ہے۔ تاجر آگے بڑھیں، نجکاری سے متعلق آپ باہر سے اچھی کمپنیاں لے کر آئیں،

شہباز شریف نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ رینٹل بزنس مائنڈ سے باہر نکلیں اور محنت کریں، ہمیں پیداوار کو بڑھانا ہے اور معیار کو بہتر کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر بھی ڈیجیٹلائزیشن ہونے جارہا ہے، میں چند دنوں میں سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔ ہم وزارتوں میں ورلڈ کلاس ماہرین کو لے کر آرہے ہیں،

شہباز شریف نے کہا کہ آپ ملک میں سرمایہ کاری لائیں روزگار فراہم کریں، حکومت پالیسی بنائے گی، 2700 ارب روپے کے ہمارے کیسز مختلف وجوہات کے باعث عدالتوں میں پھنسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی برس گزر گئے دونوں پارٹیوں کے وکلا ملے ہوئے ہیں صرف تاریخیں لیتے ہیں، کیا طریقہ ہے، دوسری طرف قرضوں کے پہاڑ تلے ہم دب چکے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے قرضوں کے انبار میں جینا ہے یا عزت و وقار کی زندگی بسر کرنی ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔