تائیوان کے معاملے پر آگ سے مت کھیلو، چینی صدر نے امریکی ہم منصب کو خبردار کر دیا

چینی صدر شی جن پنگ(Xi Jinping) نے امریکی ہم منصب کو خبردار کرتے ہوئے کہا تائیوان کے معاملے پر آگ سے مت کھیلو۔

نیوز ایجنسی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا امریکی صدرجو بائیڈن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں چین نے اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ شی جن پنگ اور امریکی صدرجو بائیڈن کی دو گھنٹے طویل گفتگو ہوئی۔ چینی صدر نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا جو لوگ آگ سے کھیلتے ہیں وہ بلآخر جل جاتے ہیں۔ امریکا کو چین کے اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ چین تائیوان کی آزادی اور بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ ادھر چینی وزارت خارجہ نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا امید ہے امریکا کی آنکھیں کھل جائیں گی۔

دوسری طرف امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کی تائیوان سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ امریکا تائیوان میں جمود کو تبدیل کرنے یا امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی یکطرفہ کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔