فلم’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 200 کروڑ کا ریکارڈ بنانے میں کامیاب

جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ (The Legend of Maula Jatt) ریلیز کے بعد باکس آفس پر مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ باکس آفس پر 200 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔فلم کی پروڈکشن ٹیم نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر فلمی شائقین کو یہ خوشخبری سنائی ہے۔

پروڈکشن ٹیم کی جانب سے فلم کا ایک خصوصی پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ’تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے، دنیا بھر میں شاندار پذیرائی حاصل کرنے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستانی سنیما کے لیے 200 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا!‘

باکس آفس پر فلم کی اس شاندار کامیابی پر فواد خان اورحمائمہ ملک نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے باکس آفس پر فلم کی اس شاندار کامیابی پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یاد رہے کہ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘(The Legend of Maula Jatt)جس میں فواد خان اور حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، 1979ء کی نامور کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے۔

بلال لاشاری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نے ریلیز کے بعد جہاں پاکستان میں بہت سے ریکارڈ توڑے اور نئے تاریخی ریکارڈ بنائے، وہیں مبینہ طور پر بین الاقومی سطح پر برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سمیت دیگر ممالک کی تمام پنجابی اور ہندی فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔