ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو 104 رنز سے شکست دے دی

سڈنی (اسپورٹس ڈیسک ) – ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ (T20 World Cup) میں جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو 104 رنز سے شکست دے دی۔

سڈنی میں ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی اوور میں ٹیمبا کی وکٹ گنوانے کے بعد روسو اور ڈی کوک نے وکٹ سنبھالی اور انتہائی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت کا ریکارڈ قائم کیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بنائے۔

روسو نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی اور رواں ورلڈ کپ کی پہلی سنچری اسکور کی جبکہ ڈی کوک 38 گیندوں پر برق رفتار 63 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔

جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 16 اعشاریہ 3 اوورز میں101 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس 34 اور سومیا سرکار 15 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 6 کھلاڑی ڈبل ہندسے میں ہی داخل نا ہو سکے، انریچ نورٹجے نے 4 جبکہ تبریز شمسی نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

شاندار 109 رنز بنانے پر روسو پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 3 پوائنٹس اور بہترین رن ریٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر براجمان ہو گئی ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہمارخور وزٹ کریں۔