ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: زمبابوے نے پاکستان کو شکست دے دی

پرتھ (اسپورٹس ڈیسک )‌ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 (T20 World Cup ) میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کے بیٹرز زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا چھوٹا ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے۔

اس میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 130 رنز بنائے تھے۔

قومی بیٹرز ہدف کے تعاقب میں ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہے اور وقفے وقفے سے قومی بیٹرز وکٹیں گنواتے رہے۔

قومی ٹیم 95 رنز پر 6 وکٹوں سے ہی محروم ہوگئی تھی تاہم ایسے میں محمد نواز اور محمد وسیم نے ٹیم کو ہدف کے قریب کرنے کی کوشش کی جس میں دونوں کافی حد تک کامیاب بھی رہے، تاہم آخری اوور میں محمد نواز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ناکام رہے اور آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کو جیت کے لیے آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے تو ایسے میں شاہین آفریدی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے اور یوں زمبابوے نے یہ میچ ایک رنز سے اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں زمبابوبے کی پاکستان کے خلاف دوسری کامیابی ہے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے اور محمد نواز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے، جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں لے کر میچ کا رخ بدل دیا۔

ان کے علاوہ بریڈ ایونس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بلیسنگ موزاربانی اور لیوک جونگوی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

زمبابوے کے سکندر رضا کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہمارخور وزٹ کریں۔