کامیاب پاکستان پروگرام، شراکت دار بلا سود قرضوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کریں،شوکت ترین

اسلام آباد( ویب ڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کامیاب پاکستان پروگرام کی کامیابی میں تمام شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام ایک اہم سنگ میل منصوبہ ہے جو معاشرے کے معاشی طورپرکمزور طبقے کی زندگیوں کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
۔وزیرخزانہ نے تمام شراکت داروں پر بلا سود قرضوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں کامیاب پاکستان پروگرام (کے پی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین نیاپاکستان ہاوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، صدر بینک آف پنجاب، چیئرمین ایس ای سی پی، اخوت فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسر، این آرایس پی کے سی ای او اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ کو کامیاب پاکستان پروگرام کی پیشرفت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی اور بتایا گیا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اس پروگرام کو ملک بھر میں توسیع دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ کوبتایاگیا کہ یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہو رہی ہیں۔