شہباز شریف اسی ہفتے اسمبلی توڑ دیں: شیخ رشید

سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد(Sheikh Rasheed Ahmad) نے مطالبہ کیا ہے شہباز شریف اسی ہفتے اسمبلی توڑ دیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے ن لیگ کو ختم کر دیا، فضل الرحمٰن آ کر قل پڑھائیں۔

سابق وزیرِ داخہ نے کہا کہ آصف زرداری خود صدر اور بیٹے کو وزیرِ اعظم بنوانا چاہتے ہیں، شہباز شریف اب سی ڈی اے کے وزیرِ اعظم بن کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے قومی اسمبلی توڑ دی جائے، جتنی جلدی قومی اسمبلی کا الیکشن ہو پاکستان کے مفاد میں ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہے، سابق وزیرِ اعظم سب کو گھر بھیج کر جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی ہے، پنجاب میں صاف اور شفاف الیکشن ہوئے۔

سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نیب ترامیم کے خلاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کل سپریم کورٹ جاؤں گا، اس حکومت نے قومی اسمبلی سے خوفناک کام لیے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لکشمی چوک پر ن لیگ کا جنازہ نکلا ہے، ن لیگ کو رات 12 بجے سے چپ لگی ہوئی ہے، یہ کہتے تھے کہ ن لیگ 16 سیٹیں اور پی ٹی آئی 4 لے گی، میں نے پہلے کہا تھا کہ اس کا الٹ ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جو ملک کے خلاف ہو، یہ لیبارٹری ٹیسٹ تھا جس میں قوم نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔