پنجاب کے تمام اسکولز کو صبح 9:30 بجے کھولنے کا فیصلہ

لاہور ، فیصل آباد ، ملتان سمیت پنجاب بھر میں اسکول دس جنوری ہی کھلیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اعلان کردیا۔ اسکولوں کے اوقات کار (School timings) میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق 10سے 22جنوری تک اسکول ساڑھے نو بجے کھلیں گے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں سردیوں سے بچنے کے لیے جیکٹس اور گرم کپڑے زیب تن کرنے کا مشورہ دیا۔

سندھ حکومت نے سرکاری و نجی اسکولوں کے صبح کے اوقات 9 بجے کردیے تاہم اس کا اطلاق کراچی کے اسکولوں پر نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں سرکاری ونجی اسکولوں کے اوقات کار (School timings) میں ایک بار پھر تبدیلی کردی گئی۔

اس حوالے سے سیکریٹری تعلیم سندھ شیریں مصطفی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ اسکولوں کے صبح کے اوقات 9 بجے کردیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کا اطلاق کراچی کے سرکاری،نجی اسکولوں پرنہیں ہوگا ، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کےسوا سندھ کے دیگرعلاقوں میں اسکول 9 بجےکھلیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے سمر زون میں پرائمری اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

سمر زون میں پرائمری اسکولز 13 جنوری تک بند رہیں گے، مڈل،ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولز کے اوقات کار میں تبدیلی کر کے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

مڈل، ہائی اور ہائرسیکنڈری اسکولز 9بجکر 30 منٹ پر کھلیں گے ،اعلامیہ کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سمرزون میں پشاور، مردان، نوشہرہ ، کوہاٹ اورڈی آئی خان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن اسکولز کے لگنے کے اوقات کار میں تبدیلی کا اطلاق 31 جنوری تک رہے گا،اطلاق سرکاری اور نجی اسکولوں پر ہوگا۔

سردیوں کی چھٹیوں میں اضافے پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلی پنجاب اور سیکریٹری ہائرایجوکیشن کو میٹرک امتحانات میں ایک ماہ تاخیر کیلئے خط بھی لکھا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی صدر ایپسا میاں شبیراحمد ہاشمی نے کہاتھا کہ سموگ اور موسم سرما کی تعطیلات کی وجہ سے بچوں کے قیمتی وقت کا ضیاع ہوچکاہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک ماہ کی تعطیلات کی وجہ سے بچوں کا سلیبس نامکمل ہے۔ سلیبس کی تکمیل، دہرائی اور ٹیسٹ سیشن کیلۓ ایک ماہ کا مزید وقت دیا جائے ۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔