رمیز راجہ کی عمران خان سے متعلق پیش گوئی سچ ثابت ہو گئی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی و کمنٹیٹر، موجودہ چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز حسن راجہ(Ramiz Raja) کا چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے لیے دیا گیا پرانا بیان سچ ثابت ہو گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے 36 ویں چیئرمین رمیز راجہ کا ایک کلپ سینیٹر عون عباس کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا گیا ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’رمیز راجہ کا ایک پرانا کلپ، ان کا عمران خان سے متعلق اس وقت کہا گیا ایک ایک لفظ آج سچ ثابت ہوا ہے‘!

اس کلپ میں اداکارہ و میزبان ثمینہ پیر زادہ رمیز راجہ کی میزبانی کر رہی ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے متعلق پوچھے جانے سوال کے جواب میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میرے لفظ چاہے کہیں لکھ لیں، ایک طرح سے میرے یہ الفاظ عمران خان کے لیے پیش گوئی ہیں کہ عمران خان کامیاب ہوں گے، کامیاب ہونا عمران خان پر فرض ہے۔

رمیز راجہ کا کلپ ملاحظہ کیجیئے:


رمیز راجہ کا اس کلپ میں مزید کہنا تھا کہ آپ کچھ بھی کر لیں اس انسان (عمران خان) کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے، یہ آپ کو ہزار میں سے ہزار بار غلط ثابت کر دیں گے۔

رمیز راجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سب خصوصیات عمران خان میں اس لیے ہیں کہ یہ نیت کے صاف، محنتی اور بلا کے ذہین ہیں۔