سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد کا کہنا ہے کہ ہمیں شکست کو تسلیم کرلینا چاہئے، اگر ہماری مقبولیت 2018 ء والی ہوتی تو ہمیں شکست نہ ہوتی۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی احمد جواد نے کہا کہ ہمیں شکست کی وجوہات کا جائزہ لینا چاہیئے، شکست کی بہت سے وجوہات ہوسکتی ہیں، امیدوراوں کا غلط چناؤ بھی ہوسکتا ہے۔
احمد جواد کاکہنا تھا کہ پارٹی کی لیڈر شپ کی طرف سے غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں 2023 ء کے انتخابات کی تیاری کیلئے شکست کی وجوہات درست کرنے کا موقع ملا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم اپنی اب بھی 2018 ء والی مقبولیت سمجھتے ہیں تو یہ ہماری خام خیالی ہوگی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کی اپ سیٹ شکست پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نالائقیوں کے سبب ہارے ہیں، الیکشن میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو کامیابی ملی جبکہ ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو شکست کا سامناکرنا پڑا۔