نااہل اور نالائق ٹولہ جنیوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان(Imran Khan) کا کہنا ہے کہ لاؤ لشکر سمیت جنیوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی، نااہل اور نالائق ٹولہ جنیوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور اسمبلی اجلاس پر بھی بات چیت کی گئی۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ آٹے کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا۔

عمران خان(Imran Khan) نے کہا کہ 13 جماعتوں کے حکومتی ٹولے نے چند ماہ میں معیشت تباہ کردی، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، معیشت سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں، اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں، پنجاب حکومت کی ڈائریکشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، یہ لوگ این آر او کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کروانے میں لگے ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہر فیصلے میں ساتھ کھڑے رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے، یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں، مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔