بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن(power breakdown) ہونے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کے مطابق، اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائینوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج صبح 7:34 پر نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہوئ جس سے بجلی کے نظام میں وسیع بریک ڈاؤن ہوا
سسٹم کی بحالی پر کام تیزی سےجاری ہے— Ministry of Energy (@MoWP15) January 23, 2023
وزارت توانائی کے مطابق، وارسک سےگرڈ اسٹیشنز کی بحالی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وارسک سے گرڈ سٹیشنوں کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پچھلے ایک گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے محدود تعداد میں گرڈ بحال کر دئے گئے ہیں
— Ministry of Energy (@MoWP15) January 23, 2023
پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور پشاورسپلائی کمپنیز کےمحدود علاقوں میں گرڈ بحال کردیےگئے۔
اسلام آباد
ترجمان اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق، 117 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل، ترجمان آئیسکو
اُنہوں نے بتایا کہ ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔
ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو انتظامیہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
اس حوالے سے آئیسکو کے سی ای او ڈاکٹر محمد امجد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرڈ کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی بحالی رفتہ رفتہ ہوگی تاکہ سسٹم پر لوڈ نہ پڑے۔
دوسری جانب، سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود نےجیو نیوز کو بتایا کہ بجلی بریک ڈاون کے معاملے پر تحقیقات کی ہدایت کردی۔
اُنہوں نے کہا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق، خرابی ساؤتھ ریجن میں پیدا ہوئی۔
صوبہ سندھ
صوبہ سندھ میں شہرِ قائد کےمختلف علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
کراچی الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق، 90 فیصد شہر کی بجلی غائب ہے اور نیشنل گرڈ میں خلل اس بریک ڈاؤن کا ممکنہ سبب ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق آج صبح 7 بج کر 34 منٹ پر نیشنل گرڈ میں فریکوئینسی کم ہونے کے باعث متعدد شہروں کو بجلی فراہمی متاثر ہوئی۔