پی ٹی آئی صدر پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس ان کے گھر پہنچ گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی(Pervaiz Elahi) کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ پرویزالہٰی کی گرفتاری کےلیے پولیس لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ان کے گھر ظہور الہٰی ہاؤس کے باہر موجود ہے۔

پرویز الہٰی (Pervaiz Elahi)کے گھر کے اطراف ظہور الہٰی روڈ اور اس سے ملحقہ گلیاں ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ گھر پر موجود نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ آج اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت خارج کردی تھی۔

ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ پرویز الہٰی کو سینے میں تکلیف ہے، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے جبکہ پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز الہٰی کا میڈیکل جعلی ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے آج تک پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت منظور کر رکھی تھی۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔