عابد علی کے مزید علاج کے لیے ماہرین سے رابطہ کیا جارہا ہے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج عابد علی کے مزید علاج کے لیے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عابد علی کی صحت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ عابد علی کے دل کی شریان میں دوسرا اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے اور وہ مستقل شفایاب ہورہے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم عابد علی کے مزید علاج کیلئے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ سے رابطہ کررہی ہے، عابد علی کی حالت مستحکم ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں پی سی بی نے ایسے وقت میں عابد علی اور خاندان کی رازداری کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی اور ساتھ ہی عابد علی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔