پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا، ریڈ اور وائٹ بال کٹیگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

کپتان سمیت 5 کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کے کنٹریکٹ مل گئے جبکہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال اور 11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑی ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ بن گئے۔

کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی اے کٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے۔
امام الحق کو ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کٹیگری جبکہ حسن علی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کٹیگری کا حصہ ہیں۔

اظہر علی کو ریڈ بال کنٹریکٹ کی اے جبکہ فواد عالم کو بی کٹیگری میں رکھا گیا ہے، عبداللّٰہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی ریڈ بال کی سی کٹیگری کا حصہ ہیں۔

ریڈ بال کی ڈی کٹیگری میں عابد علی، سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ کو شامل کیا گیا۔

فخر زمان اور شاداب خان کو وائٹ بال کنٹریکٹ کی کٹیگری اے میں شامل کیا گیا جبکہ حارث رؤف بی اور محمد نواز کٹیگری سی کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر وائٹ بال کی کٹیگری ڈی میں شامل ہیں۔

علی عثمان، حسیب اللّٰہ، کامران غلام، محمد حارث، محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا ایمرجنگ کنٹریکٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔