لاہور (نیوز ڈیسک ) ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو جون کے مہینے کی پنشن ابھی تک جاری نہیں کی گئی جس کے سبب یہ بزرگ شہری سخت پریشانی اور بے چینی کا شکار ہیں.
ریڈیو پاکستان نے بزرگ پینشنرز کو ابھی تک اس عمل کی وجوہات سے بھی آگاہ نہیں کیا ریڈیو کی طرف سے یہ غیر قانونی اور سپریم کورٹ کے احکامات کے بر خلاف اقدام مالی سال کے اختتام اور عید الاضحیٰ کے موقع پر کرنے کو پینشنرز نے ایک حق تلفی, ناانصافی اور توہین عدالت قرار دیا ہے.
پینشنرز کا کہنا ہے کہ ایک طرف عید کے موقع پر حکومت پچاس سے زیادہ وزارتوں کے ملازمین کو اعزازیہ دے رہی ہے دوسری طرف ریڈیو پاکستان اپنے بزرگ پینشنرز کو پینشن کی ادائیگی کے فنڈز کی وزارت اطلاعات کی جانب سے عدم دستیابی کا بہانہ بنا کر ماہانہ پینشن سے محروم کر رہا ھے.
ریڈیو پاکستان کے پنشنرز کا کہنا ہے کہ مہنگائ کو مدنظر رکھتے ہوے وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسنمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں پینشنرز کی سہولت کے لئے ان کی ماہانہ پینشن میں دس فیصد اضافہ یکم اپریل سے کرنے کا حکم جاری کیا تھا وفاقی حکومت نے اس پر فوری عمل درآمد کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا اور وفاقی محکموں نے اپنے پینشنرز کو ادائیگی بھی شروع کردی لیکن ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلخانہ اس سہولت سے بھی تاحال محروم ہیں.
پنشنرز نے وزیراعظم شہباز شریف, وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب, وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی کابینہ کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا کی ہے کہ وہ بزرگ پینشنرز کو مالی شدید مشکلات اور نقصان سے محفوظ کرنے کے لیے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیں اور ریڈیو پاکستان کے پینشنرز اور عمر رسیدہ بزرگ شہریوں اور بیوگان و بیٹیوں کی ماہ جون کی ماہانہ پنشن وزیراعظم پاکستان کے اعلان کردہ دس فیصد اضافے کے ساتھ فوری طور پر جاری کرائیں اور اس قانونی عمل میں شامل تمام ذمہ داران کو قرارِواقعی سزا دیں تاکہ آئیندہ بزرگ پینشنرز کی بے توقیری کے واقعات کا راستہ بند ہو جائے.