پاکستانی شوبز شخصیات کی پشاور میں مسجد پر حملے کی سخت مذمت

پشاور میں پیش آنے والے اس دہشتگردی کے واقعہ پر ملک کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے مذمتی پیغامات سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے ہیں۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات (Pakistani showbiz personalities)نے بھی اس خود کش دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے دہشتگردی کے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ پشاور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں، کسی بھی عبادت گاہ پر حملہ ناقابل بیان جرم ہے۔

اُنہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللّٰہ کے لیے بے گناہوں کو چھوڑ دو، وہ مسجد میں صرف سکون سے نماز پڑھ رہے تھے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی ضمیر ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی مذہب۔

اداکار عمران عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ پشاور پولیس لائن مسجد میں ہونے والے دھماکے میں درجنوں شہیدوں اور زخمیوں کے لیے میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔

اداکار نے اپنی پوسٹ کے آخر میں وطنِ عزیز کی سلامتی اور حفاظت کے لیے بھی دعا کی۔

اداکارہ سجل علی نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اس دہشتگردی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ میری دعائیں تمام متاثرین کی خاندان والوں اور پیاروں کے ساتھ ہیں۔

اُنہوں نے پشاور کے تمام شہریوں اور وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے بھی دعا کی۔

اداکارحمزہ علی عباسی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر دہشتگردی کے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کہوں، بس ایک پاکستانی شہری ہونے کے ناطے اب یہ محسوس ہوتا ہے کہ چیزیں بہتر ہونے کا ایک نہ ختم ہونے والا انتظارکیا جارہا ہے جبکہ چیزیں مزید خراب ہوتی جارہی ہیں۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اداکارہ صبا قمر نے بھی زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا جبکہ شہیدوں کےلواحقین سےاظہارِ تعزیت کیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔