اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – متحدہ اپوزیشن رہنماؤں(Opposition leaders) کی پریس کانفرنس میں کہنا ہے کہ عمران نیازی نے غیرآئینی سول مارشل لاء نافذ کیا، اسمبلی کو بحال کیا جائے اور انتخابی اصلاحات کے بعد نیا الیکشن کرایا جائے، سپریم کورٹ سے گزارش ہے کہ فل کورٹ بنائیں، کل کا دن پاکستانی کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
صدر ن لیگ شہباز شریف کا کہنا تھا، عدم اعتماد تحریک مسترد کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ عمران نیازی اور ٹولے نے آئین شکنی کی، سول مارشل لا لگا دیا گیا۔
متحدہ اپوزیشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ ایک سوستانوے لوگوں کو خدانخوستہ غدار قرار دے دیا گیا، 7 مارچ سے 24 مارچ تک آرٹیکل فائیو کی بات کیوں نہیں کی گئی، چپ نہیں رہیں گے، پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر جاری رکھا جائے گا۔ کل کے غیرآئینی اقدام سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔
شہباز شریف بولے کہ عمران نیازی نے سول مارشل لا نافذ کیا، تین نومبر دو ہزار سات کو جنرل مشرف نے بھی یہی غیر آئینی حرکت کی، ایک فاشسٹ فسطائی حکومت قائم کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا، کہا وزیراعظم ووٹنگ سے قبل استعفیٰ دے دیتے تو یہ آئینی عمل ہوتا۔
ساتھ ہی بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر ہم بین الاقوامی سازش کا حصہ ہیں، تو سزا دیں مگر عدم اعتماد کا سلسلہ تو مکمل ہونے دیں جمہوریت چلنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے فیصلے سے ملک کی قسمت لکھی جائے گی۔