لاہور (نیوز ڈیسک) – پاکستان کی میوزک انڈسٹری کے سرفہرست موسیقار استاد نذر حسین (Nazar Hussain) کی آج پانچویں برسی ہے۔
پاکستان کی میوزک انڈسٹری دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے، اسی انڈسٹری کا ایک روشن ستارہ استاد نذر حسین بھی ہیں جنہوں نے اپنی لازوال دھنوں سے ایسے شاہکار تخلیق کیے جو اپنی مثال آپ ہیں۔
پاکستانی میوزک کو بام عروج پر پہنچانے والے موسیقاروں کی بات کی جائے تو استاد نذر حسین کا نام فہرست کے پہلے ناموں میں ہوگا۔ استاد نذرحسین کی مرتب کی گئی مدھر دھنیں سُننے والے کو اپنے سحر سے نہیں نکلنے دیتی تھیں۔
استاد نذر حسین نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز ستر کی دہائی میں ریڈیو کراچی میں بطور کمپوزرکیا، استاد نذر حسین کی بنائی ہوئی کمپوزیشنز جب نورجہاں، غلام علی، غلام عباس، مہدی حسن، ناہید اختر، فریدہ خانم، مہناز بیگم اور شبنم مجید نے گائیں تو سننے والوں پر سحر طاری ہوجاتا تھا۔
نوے کی دہائی کے بعد نذر حسین (Nazar Hussain) نے جب خود سے تیس سال چھوٹی اداکارہ و گلوکارہ عارفہ صدیقی سے شادی کی تو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
موسیقی کے دھنوں کے عظیم خالق کی نئی تخلیقات کا سفر اکیس جنوری دو ہزار اٹھارہ کو ختم ہوگیا۔