بشریٰ بی بی کی لیکڈ کال پر معافی کے بجائے PTI شور مچا رہی ہے: ناصر حسین شاہ

وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ(Nasir Hussain Shah) کا کہنا ہے کہ سابقہ خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی لیکڈ فون کال پر قوم سے معافی مانگنے کے بجائے پی ٹی آئی فون ٹیپ ہونے کا شور مچا رہی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے بشریٰ بی بی کی لیکڈ فون کال پر درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے چور مچائے شور والی بات جو پی ٹی آئی کا و تیرا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر بشریٰ بی بی کا فون ریکارڈ نہ ہوتا تو مدینے کی ریاست کے جعلی دعوے دار کس طرح خوار ہوتے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کہتی ہیں کہ عمران خان کا سیکیور فون ٹیپ کیا گیا ہے، شیریں مزاری بتائیں کہ عمران خان کی اہلیہ سیکیور فون کو مجرمانہ کام کے لیے استعمال کیوں کر رہی ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ خاتونِ اوّل کا فون ان کے کسی محبِ وطن ملازم نے ریکاڈ کیا ہے جس کو آفرین ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ لیکڈ فون کال کی ایف آئی آر درج کر کے پی ٹی آئی کے جعلی بیانیوں کی چھان بین کی جائے۔