محمد عامر کا گلوسسٹرشائر سے معاہدہ، نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے انگلش کاؤنٹی گلوسسٹرشائر سے معاہدہ کرلیا۔ عامر کو ہم وطن نسیم شاہ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

گلوسسٹرشائر کاؤنٹی کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے بقیہ میچز کے لیے کاؤنٹی کو دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ نسیم شاہ اس سے قبل کاؤنٹی ٹیم کا حصہ تھے، وہ فیملی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان آئے جس کے بعد انہیں قومی کیمپ میں طلب کرلیا گیا تھا اور پھر وہ کاؤنٹی ٹیم کو دوبارہ جوائن نہیں کرسکتے تھے۔

محمد عامر اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی گلوسسٹرشائر کی جانب سے نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر کھیل چکے ہیں۔

محمد عامر تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ایکشن میں ہوں گے، آخری مرتبہ انہوں نے 2019 میں کاؤنٹی ٹیم ایسیکس کی نمائندگی کی تھی۔