منی لانڈرنگ کیس، مونس الہٰی اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں 22 جولائی تک توسیع

لاہور کی بینکنگ کورٹ کے جج کی رخصت کے باعث منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔

مونس الہٰی(Moonis Elahi) اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 22 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔

عدالتی عملے نے ڈیوٹی جج کی اجازت سے کیس کی سماعت کے لیے اگلی تاریخ 22 جولائی دے دی۔

منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے مونس الہٰی کی ضمانت میں آج تک توسیع کر رکھی تھی۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
17 جولائی کا الیکشن ہم جیتیں گے، مونس الہٰی
بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ 17جولائی کا الیکشن ہم جیتیں گے، یہ الیکشن ٹھیک ہوگا تو 22 جولائی کا الیکشن بھی ٹھیک ہو گا۔
صحافی نے مونس الہٰی سے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کہ آپ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی امیدواروں کے لیے انتخابی مہم نہیں چلا رہے۔

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مونس الہٰی نے کہا کہ یہ بات پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ ہم مہم چلا رہے ہیں کہ نہیں، ہم مہم بالکل چلا رہے ہیں۔