والدین اپنے بچوں کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب(Marriyum Aurangzeb) کا کہنا ہے کہ تمام والدین اپنے بچوں، بچیوں اور فیملیز کو خونی مارچ سے محفوظ رکھیں۔

یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان پرِ اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے نے مان لیا کہ انہوں نے آرمی چیف کو غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی پیشکش کی تھی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فارن فنڈڈ فتنے کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جس کا وہ مستحق ہے، عمران خان نے کرپشن نہیں کی، 4 سال ڈاکے ڈالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کی طرف جانے سے 6 ماہ پہلے بچ گیا، پاکستان تحریکِ انصاف کو صرف فارن فنڈڈ فتنے نے کرش کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ جرائم پیشہ تھے تو 4 سال میں ثابت کر دیتے، جاسوسی کی اجازت آپ نے خود دی ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی اپنے قریب ترین لوگوں سے آنکھیں بدل لیں، آپ کو آزاد میڈیا سے نہیں بلکہ اپنے اندر کے فتنے کا خوف تھا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر اگلے سال ہوں گے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہمارخور وزٹ کریں۔