اسلام آباد۔(نیوز ڈیسک) پاکستان کے معروف ڈیجیٹل آپریٹر اور ویون گروپ کی کمپنی جاز نے شرعی فنانسنگ کے پلیٹ فارم قسط پے (Kistpay)کے ساتھ ایک معاہدہ کیاہے جس کے مطابق صارفین کو آسان اقساط پر سمارٹ فونز فراہم کیے جائیں گے۔
اس شراکت داری کے تحت قسط پے (Kistpay) آسان اقساط اور شریعت کے مطابق مالی معاونت فراہم کرے گا تاکہ متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے افرادمیں ذاتی اسمارٹ فونز رکھنے کوفروغ مل سکے۔ اب صارفین اپنے قریبی جاز سنٹرز پر جا کر 2243روپے ماہانہ سے شروع ہونے والی انتہائی کم قسط پر تین سے چھ ماہ کے پلان کے مطابق اسمارٹ فون خرید سکیں گے۔
جاز کے چیف کمرشل آفیسر آصف عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ،”یہ شراکت داری ہمارے ’4G سب کوفراہم کرنے کے عزم کی ترجمانی کرتاہے۔ڈیجیٹل اکانومی کے لیے اسمارٹ فون کا حامل ہونا ضروری ہے۔یہ شراکت داری کم آمدنی والے پسماندہ طبقات کی قوت خرید میں اضافہ کرے گی اور انہیں آسان اقساط پر اسمارٹ فونز کی خریداری کے قابل بنائے گی۔“
قسط پے (Kistpay) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر آصف جعفری نے کہاکہ،”ہم اپنے تمام ہم وطنوں بشمول نوجوانوں اور خواتین کو اسمارٹ فونز تک رسائی اور ملکیت میں آسانی فراہم کرنے کے لیے جاز کے ساتھ دوبارہ شراکت داری پر بہت خوش ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ اس سے ڈیجیٹل اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گااور دیہاتوں میں رہنے والے ہمارے ہم وطنوں کو اور بھی زیادہ بااختیار بنایا جاسکے گا۔“
جاز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامرابراہیم معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے جبکہ GSMA،ایشیا پیسفک کے سربراہ جولین گورمین(Julian Gorman) نے آن لائن شرکت کی اور پاکستان میں آسان اقساط پر اسمارٹ فونزتک رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ میں مدد کرنے پر دونوں اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
اگرچہ پاکستان کی دیہی آبادی بالخصوص خواتین میں سمارٹ فونز خریدنے کی استطاعت نہ ہونا،موبائل فون کی ملکیت اورانٹرنیٹ کے استعمال کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،تاہم جاز نے پاکستان بھرمیں خاص طور پر کم آمدنی والے طبقات کے لیے موبائل براڈ بینڈ کے فوائد پہنچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ جاز کی طرف سے پیش کیے گئے Jazz Digit 4G اسمارٹ فیچر فونزکو گزشتہ سال موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم GSMA نے بھی سراہا تھا۔
یہ شراکت داری جاز کی طرف سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، جن میں ایس ڈی جی نمبر5، صنفی مساوات،ایس ڈی جی نمبر 9 صنعت،جدت،انفراسٹرکچر اور ایس ڈی جی نمبر10 یعنی عدم مساوات کو کم کرنا جیسے اہداف شامل ہیں۔