پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف (Khawaja Asif)نے کہاہےکہ نواز شریف کو حفاظتی ضمانت آئین و قانون کے مطابق ملی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام ”ہم دیکھیں گے منصور علی خان کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف(Khawaja Asif) نے کہاہے کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو جلا وطنی کاٹنی پڑی ہے ، ایک شخص جو اس وقت اقتدار میں تھا اس کے کہنے پر یہ سب کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کویاد رکھنا چاہیے کہ نواز شریف کیساتھ 2017میں کیا ہوا،انہیں 4دن کی حفاظتی ضمانت ملی ہے۔
نواز شریف ضمانت کے بعد عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں گے، ان کی ضمانت تیزی کے ساتھ نہیں ہوئی،تیزی کے ساتھ تو چیئرمین پی ٹی آئی کی 19ضمانتیں ہوئی تھیں،
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو تو اپیل کا بھی حق نہیں دیا گیا تھا، جب انہیں نااہل کیا گیا تو ان لوگوں کا ضمیر کہاں تھا ،اس وقت آئین و قانون کے تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ نواز شریف نے تو کوئی 9مئی نہیں کیا ، چیئرمین پی ٹی آئی نے کیا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ میرا خیال ہےکہ پی ٹی آئی بھی الیکشن میں موجود ہو گی، 26کو حلقہ بندیوں کی اپیلیں فائنل ہو جائیں گی، حلقہ بندیوں کے ایک ماہ بعد الیکشن کا شیڈول ہو گا، جنوری میں الیکشن کمپین اور جنوری کے آخر میں انتخابات ہوں گے۔
مجھے لگتا ہے کہ انتخابات میں پی ٹی آئی بھی شامل ہو گی ، جولوگ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں وہ بھی الیکشن لڑنا چاہیں گے، جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان سے الیکشن لڑنے کا حق نہیں چھینا جا رہا۔