صحافیوں پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ، کراچی پریس کلب کا احتجاج.

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے رانا شمیم حلف نامہ کیس میں صحافیوں پر فردِ جرم عائد کرنے کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافتی فرائض کی ادائیگی جرم نہیں ہے۔

کراچی سے جاری کیے گئے بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے کہا ہے کہ بحیثیت صحافی، عوامی دلچسپی کے کسی بھی معاملے کی کوریج کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ صحافی عوامی مفاد کے کسی بھی معاملے کی رپورٹنگ کر سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ خبر کے شائع کرنے میں عوامی مفادات کا خیال رکھا گیا تھا۔

صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے اپیل کی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو اپنے فیصلے پر نظرِثانی کرنی چاہیے۔

فاضل جمیلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلے ہی میڈیا انڈسٹری اور صحافی بحران کا شکار ہیں، ایسے عدالتی فیصلوں سے صحافیوں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔