بائیڈن کی آمد، سعودیہ نے اسرائیل کیلئے فضائی حدود کھول دی

امریکا کے صدر جوبائیڈن(Joe Biden) اسرائیل سے آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

جوبائیڈن کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے خیر سگالی کے طور پر اسرائیل کے تمام طیاروں کیلئے فضائی حدود کھول دی ہے۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ بائیڈن بذریعہ طیارہ اسرائیل سے براہ راست جدہ پہنچے والے پہلے امریکی صدر ہوں گے۔

امریکی صدر سعودی عرب کے بادشاہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔

جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد سعودی عرب سے تعلقات کی ازسرنو بحالی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کے سعودیہ دورے میں توانائی، انسانی حقوق اور سیکیورٹی تعاون پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے دورے پر موجود امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔