ایدھی فاؤنڈیشن اورجازکی جانب سے سیلاب متاثرہ خاندانوں کی امداد

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ایدھی فاؤنڈیشن ( Edhi Foundation) نے جاز (Jazz) کے ساتھ مل کر سیلاب سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کو امداد فراہم کی ہے۔اس دوران سیلاب متاثرین میں خوراک اور طبی سامان کی تقسیم جبکہ زیادہ تر علاقوں میں حفظان صحت اور ڈیزاسٹر ریلیف کٹس فراہم کی گئی ہیں۔ یہ تعاون جاز کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اعلان کردہ ایک ارب روپے کی مالی معاونت کے وعدے کا ایک حصہ ہے۔

اس اقدام میں سندھ کے 23 اضلاع بشمول نواب شاہ، دادو، سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ کے علاوہ بلوچستان کے 10 اضلاع بشمول کوئٹہ، لسبیلہ اور نصیر آباد شامل ہیں۔ تونسہ، جام پور اور ڈی جی خان سمیت جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کو بھی اس اقدام میں شامل کیا گیاہے۔ جاز نے اپنے فرنٹ لائن رضاکاروں کو بھی متحرک کیا ہے تاکہ امدادی اشیاء کی بہتر تقسیم میں موقع پر موجود ایدھی کی ٹیموں کی مدد کی جا سکے۔

Jazz & Edhi Welfare work
ایدھی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر فیصل ایدھی نے کہا کہ،”اس وقت ہمیں ایک بہت بڑی آفت کا سامنا ہے۔میں تمام پرائیویٹ اداروں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی موسمیاتی تباہی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے آگے آئیں۔ ملک و قوم کو درپیش کسی بھی ضرورت کے وقت جاز ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ حالیہ ملک گیر سیلاب سے متعلق امدادی اقدامات اس کی ایک اور مثال ہے اور ہم اس مقصد کے لیے کوششوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے ساتھ تعاون کرنے کے لیے جازکے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔“

جاز کے چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز آفیسرسید فخر احمد نے کہا کہ،”ہماری دعائیں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم امدادی سامان کی تقسیم میں کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں تاکہ متاثرین تک بروقت امداد پہنچائی جاسکے۔مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔“

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہمارخور وزٹ کریں۔