عمران خان کی قوم کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال

لاہور (نیوز ڈیسک ) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان (Imran Khan) نے قوم کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دیدی۔

ہفتہ کو لانگ مارچ کے شرکاء سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے سازش کے ذریعے ہماری حکومت گرائی گئی ہم میدان میں ہیں، اس مارچ میں قوم کو بدلتے دیکھا ہے، ان سات ماہ میں جو دیکھا وہ چھبیس سال کی سیاست میں نہیں دیکھا۔

عمران خان (Imran Khan) بولے 25 مئی کو ہم پر جو ظلم ہوا کبھی نہیں بھولوں گا، ہم پر ایسے ظلم کیا گیا جیسے ہم پاکستانی نہیں ہیں، میرے دور میں تین لانگ مارچ کیے گئے ہم نے نہ روکا نہ ایف آئی آر کاٹی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اگلے ہفتے مارچ کے شرکاء سے راولپنڈی میں ملاقات ہوگی، راولپنڈی میں 26 نومبر کو اگلا لائحہ عمل دوں گا۔

عمران خان نے عوام سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ مجھے معلوم ہے میری جان ابھی بھی خطرے میں ہے، جنہوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی ابھی بھی وہیں بیٹھے ہیں۔ غلامی سے بہتر ہے مرجاؤں، ملک کو حقیقی آزادی دلوائے بغیر نہیں رُکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر 23 ایف آئی آر کاٹی گئيں، مجھے ایسے رکھا جیسے غدار ہوں، مجھ پر ایسے ظلم کیا گيا جیسے پاکستانی نہیں ہوں۔

عمران خان (Imran Khan) نے کہا کہ انہيں بلاول کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا، بلاول بھٹو زرداری ڈھونڈتا پھرے گا اس کے باپ زرداری نے چوری کا پیسا کہاں کہاں رکھا ہے؟

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ انہیں افسوس کے ساتھ بھارت کی مثال دینی پڑتی ہے ان کی آزاد خارجہ پالیسی ہے، روس سے تیل خریدنے پر امریکا پہلے بھارت سے ناراض ہوا پھر مان گیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔