جان کو خطرہ ہے، عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے: وکیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان(Imran Khan) آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان (Imran Khan)کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 18 جولائی تک توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 15 مقدمات درج کیے گئے تھے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ضمانت حاصل کرنے کے لیے سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ سے رجوع کیا تھا۔