آئی ایم ایف(IMF chief) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے، یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
نگراں وزیرِ اعظم اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ملاقات 25 منٹ تک جاری رہی۔
اس ملاقات میں نگراں وزیرِ اعظم کے ساتھ نگراں وزیر خارجہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد ایک بیان میں نگراں وزیرِ اعظم نے کہا کہ سربراہ آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔
نیویارک میں نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کی۔
کرسٹالینا جارجیوا سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کے غریب عوام کے لیے آئی ایم ایف کا پروگرام سخت ہے اور غریب آدمی اس میں شدید مشکلات کا شکار ہو چکا ہے، اس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے جو اقدامات کیے گئے ہیں وہ پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد معیشت کی بحالی اور ماضی کی غلطیوں کو سدھارنا ہے، اگرچہ مشکلات ہیں لیکن ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی نیویارک میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات ہوئی۔
وزیرِ اعظم انوار الحق اور بل گیٹس کے درمیان پاکستان سے پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات اور بچوں کی نشوونما سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھر سے پولیو وائرس کی منتقلی کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہیں۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے مائیکرو سافٹ کمپنی کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی۔