اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی (Hassan Niazi )کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق حسان خان نیازی کو انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کو پولیس ناکے پر مزاحمت کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 جون 2022 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بیرسٹر حسان نیازی (Hassan Niazi ) کو پارٹی سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا فوکل پرسن برائے قانونی معاملات مقرر کیا تھا۔
جوڈیشیل کمپلکس اسلام آباد کے باہر گزشتہ ہفتہ کو پولیس سے تصادم، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 17 رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کے قانونی مشیر نعیم حیدر پنجوتھہ کے مطابق حسان خان نیازی انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانت لینے کے بعد ان کے ہمراہ باہر نکلے تاہم ایس پی نوشیروان نے زبردستی پولیس کے ساتھ مل کر انہیں تھانہ رمنا لے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔