گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی (GC Women University Sialkot)ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے سٹوڈنٹ سروسز سنٹر ،ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر اور گیسٹ ہاؤس کا افتتاح کر دیا ۔اب سٹوڈنٹ سروسز سنٹر میں طالبا ت کو ہر قسم کی معلومات اور خدمات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی ۔ترجمان یونیورسٹی کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے کہا کہ سٹوڈنٹ سروسز سنٹر میں طالبات کو نئے داخلوں،سکالر شپس ،سیمینار ز،ورکشاپس ،قومی و بین الاقوامی مقابلے، ٹرانسپورٹ ،ہوسٹل ،فیسوں ،امتحانات ،تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق تمام معلومات اور سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی ۔
اس کے علاوہ سٹوڈنٹ سروسز سنٹر میں ایلومینا ئی ایسوسی ایشن، کیریئر کونسلر، سٹوڈنٹ کونسلر،سائیکالوجیکل ویل بینگ سنٹر،فنشنگ سکول، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز،کیفےٹیریا،سٹیشنر ی اینڈ فوٹو کاپی شاپس اور سمارٹ میٹنگ رومز بنائے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ سروسز سنٹر اولڈ پرنسپل ہاؤس کی جگہ پر یونیورسٹی بجٹ سے 10 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے جو ورکس ڈائریکٹوریٹ ٹیم کی دن رات محنت اور کاوشوں کاصلہ ہے۔
ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر بارے انہوں نے کہا کہ یہاں طالبات کو لائف سکلز ،لیڈر شپ ٹریننگ اور کیرئیر کونسلنگ جیسی تربیت فراہم کی جائے گی ۔گیسٹ ہاؤ س کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اولڈ پرنسپل آفس کی تعمیر و مرمت کر کے گیسٹ ہاؤس بنایا گیا ہے جس سے یونیورسٹی کی ایک اور سہولت میں اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر تمام تعلیمی او ر انتظامی شعبوں کے ہیڈز بھی موجود تھے۔