اپوزیشن قومی سیاست نہیں کرنا چاہتی، فواد چودھری

اسلام آباد (نیوزڈیسک) جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں جلد از جلد نواز شریف واپس آئیں، شہباز شریف کو لگتا ہے وہ ڈوب رہے ہیں تو ملک ڈوب رہا ہے، ان کے پاس دو ہی راستے ہیں لندن جائیں یا پھر جیل جائیں۔ انہوں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے شہبازشریف کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کیس کو سنا جائے۔ خواجہ آصف جب وزیر دفاع اور وزیر خارجہ تھے تو اقامہ نکل آیا، خواجہ آصف ہمیں ملکی سلامتی پر لیکچر دے رہے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے شہریوں سے خوفزدہ ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن قومی سیاست نہیں کرنا چاہتے، بلاول بھٹو اور آصف زرداری لاہور آئیں دس مرلے کے گھر میں جلسہ ہو جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ فلاحی منصوبہ ہے، بدقسمتی سے سندھ ہیلتھ کارڈ پراجیکٹ کا حصہ نہیں بنا، اپیل ہے وزیراعلیٰ سندھ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

فواد چودھری نے کہا کہ اگست ستمبر تک پاکستان کی معاشی حالت بہت بہتر ہو چکی ہو گی، عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیکس کلچر کو پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، منی بجٹ میں صرف درآمدی اشیاء پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ ہم نے اپنا بیانیہ ڈرامہ اور فلم کے ذریعے بیان کرنا ہوتا ہے، پہلی بار حکومت عوامی مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔