اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے خراب موسم اور بنگلا دیش کو شکست دے کر دوسرا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 8 رنز سے جیت لیا۔ بنگلا دیش کے خلاف پاکستان نے ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ کیا ہے۔
2 میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے جیت ملی، آف اسپنر ساجد خان نے میچ میں 12 وکٹیں لیں۔
بنگلا دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے 12 وکٹیں حاصل کر کے ساجد خان میچ کے ہیرو بن گئے، ساجد خان نے پہلی اننگز میں 8، دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔
پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز پاکستانی کھلاڑی عابد علی نے حاصل کیا، پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلادیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دی۔ پہلے دن بارش اور خراب روشنی رہی، لیکن پاکستان نے پانچویں دن میزبان ٹیم کو فالو آن سے دوچار کر دیا، 25 رنز پر 4 وکٹیں گرا دیں، 2 حسن نے اور 2 شاہین نے لیں۔
اس کے بعد بنگلا دیشی بیٹسمین ڈٹ گئے، لٹن ڈاس نے 45، مشفق نے 48، شاکب نے 63 رنز بنائے، ایسے میں بابر خود بولنگ کرنے کے لیے آئے، تو ساتویں وکٹ گری اور شاکب، ساجد کا شکار ہو گئے، اس کے ساتھ ہی جیت کا دروازہ کھل گیا اور ساجد نے آخری وکٹ لے لی، یوں 12 وکٹوں کے ساتھ وہ مین آف دی میچ رہے۔
پاکستان نے مجموعی طور پر بنگلا دیش کے خلاف 13 میں سے 12 ٹیسٹ جیت لیے ہیں۔