آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ(Cricket World Cup 2023) کے 18 ویں میچ میں ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کی شاندار سینچریوں کی بدولت نے آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 368 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے اور پاکستان کے لیے 368 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا، مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو پہاڑ جیسے شاندار رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔
ہوا کچھ یو کہ میچ کے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر اسامہ میر نے شاہین آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کا کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد پہلی وکٹ پر شاندار شراکت قائم ہوگئی۔
اس دوران اسامہ میر اور عبد اللہ شفیق کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت کینگروز کو مزید جم کر کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔
آسٹریلوی اوپنرز نے زبردست بیٹنگ کی پہلے ڈیوڈ وارنر اور پھر مچل مارش نے سنچری اسکور کیں اور پہلی وکٹ پر 259 رنز کی شراکت قائم کی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔
پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 200 رنز کی شراکت بنائی ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور ڈیسمونڈ ہائنس نے 1992 میں پاکستان کے خلاف 175 رنز کی شراکت بنائی تھی۔
تاہم میچ کے34 اوور میں مچل مارش 108 گیندوں پر 121 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، انہوں نے اس دوران 9 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 259 ہی کے اسکور پر گری، گلین میکسویل بغیر کوئی اسکور بنائے شاہین آفریدی کا دوسرا شکار بن گئے۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 284 کے اسکور پر گری، اسامہ میر نے اسٹیو اسمتھ کو پویلین بھیج دیا، جنہوں نے صرف 7 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کو چوتھی اور بڑی کامیابی ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کی صورت میں ملی، حارث روف کی گیند پر 325 کے مجموعی اسکور پر وارنر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 124 گیندوں پر 163 رنز کی باری کے دوران 9 چھکے اور 10 چوکے لگائے جبکہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑے انفرادی اسکور کرنے والے بیٹر بھی بن گئے۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 339 رنز پر گری، جوش انگلس 13 رنز بناکر حارث روف کا دوسرا شکار بنے جبکہ پاکستان کو چھٹی کامیابی 354 کے اسکور پر مل گئی، مارکس اسٹونس 21 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 360 کے اسکور پر 8 رنز بنانے والے مارنس لبوشین کی گری جو حارث روف کا تیسرا شکار بنے۔
اس کے بعد شاہین آفریدی نے 363 کے مجموعی اسکور پر آخری اوور کی پہلی 2 گیندوں پر مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو آوٹ کردیا اور آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی بولرز نے کم بیک کیا، ایک وقت پر جو ٹوٹل 400 بنتا نظر آرہا تھا وہ مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے 367 پر رک گیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 54 رنز دے کر 5 اور حارث روف نے 8 اوورز میں 83 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ اسامہ میر کے حصے میں آئی جبکہ حسن علی، محمد نواز اور افتخار احمد کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
آسٹریلیا ورلڈکپ (Cricket World Cup 2023) کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا نے 10 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف 344 رنز بنائے تھے۔