رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی سولہویں تقریب تقسیم اسناد کے دوسرے دن 900 طلباء نےگریجویشن کی ڈگریاں حاصل کیں.

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی سولہویں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد جناح کنوینشن سینٹر، اسلام آباد میں کیا گیا۔ اس تقریب کے دوسرے روز منیجمنٹ سائنسز، کمپیوٹنگ، انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسزاور سوشل سائنسزاور ہیومینیٹیزکے طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔79 طالب علموں نے گولڈ میڈل وصول کئے۔ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، چیئر مین اخوت فاؤنڈیشن اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے طلبہ کو گولڈ میڈلزدیئے۔

Chairman Akhuwat Foundation – Dr. Amjad Saqib & Chancellor, Ripha Int. Uni. Presenting degree to graduate student.

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے گریجویٹ ہونے والے طالب علموں اور ان کے اہل خانہ کو ان کی انتھک محنت اور کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اپنی تخلیقی سوچ اور تکنیکی مضامین میں مہارت حاصل کر کے پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی طرح مثالی مملکت بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کو ”مواخات” پر ایک کورس شروع کرنا چاہئے کیونکہ طلباء کو اس کا مقصد معلوم ہونا چاہئے اور ہم اس کو معاشرے کی خوشحالی کے لئے کیسے نافذ کرسکتے ہیں۔

تعلیمی سال کے دوران فیکلٹی ممبران نے 426 پیپرز پیش کئے جو امپیکٹ جنرلز میں شائع کئے گئے۔ رفاہ یونیورسٹی کا قیام 1996میں انتہائی چھوٹے پیمانے پر صرف میڈیکل کالج کے 72 طالب علموں کے ساتھ کیا۔ لیکن آج اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اراکین کی انتھک محنت سے الحمداللہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں 100 سے زائد پروگرامز پیش کئے جا رہے ہیں اور 23000 سے زائد طالب علم، علم کی شمع سے منور ہو رہے ہیں۔ہائر ایجو کیشن نے رفاہ انٹرنیشنل یو نیورسٹی کو عمومی کٹیگری میں دوسری پوزیشن سے نوازا ہے۔

جناب حسن محمد خان چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے ادارے کے وژن پر روشنی ڈالی۔انہوں نے گزرے دنوں کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈ نگ چانسلر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد ذوالفقار علی خان نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے تعلیمی پلیٹ فارم کے قیام کی کاوشیں شروع کیں تاکہ سائنسی اور تکنیکی مضامین میں معیاری اور وقت سے ہم آہنگ تعلیم کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی اکیڈمک لیڈر شپ کو رفاہ اسپائرڈ سٹوڈنٹ ماڈل اور رفاہ ٹیچرز کمپیٹنسی کے ذریعے ادارے کو فروغ دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔

بریگیڈر (ریٹائرڈ) سلیم احمد خان، رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی کے رجسٹرار نے سولہویں تقریب تقسیم اسناد کی کاروائی کو موثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا اور تمام کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت یہ تقریب کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔