ضمنی انتخابات کیلئے ننکانہ صاحب کے حلقہ این اے 118 کے بعد فیصل آباد میں بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) – ضمنی انتخابات کیلئے فیصل آباد میں بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کر دیئے گئے۔

فیصل آباد اورننکانہ صاحب میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اعتراضات جمع کرا دئیے گئے۔ این اے 108 فیصل آباد کے ضمنی الیکشن کے لیے جمع عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرنگ آفیسر نے اعتراض اٹھایا۔ ریٹرنگ آفیسر کے مطابق عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر دستخط میں فرق ہے۔

این اے 118 ننکانہ صاحب سے مخالف امیدوار مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل نے عمران خان کے کاغزات پر اعتراض جمع کرایا۔ ان کے مطابق عمران خان قومی اسمبلی کے رکن ہوتے ہوئے الیکشن نہیں لڑ سکتے۔ توشہ خان کیس کے تحت عمران خان کو نا اہل کرنے کی بھی استدعا کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے 246 کے ضمنی الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات جمع کروائے تھے۔

نبیل گبول نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیات سے رقوم حاصل کیں، ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے میں پی ٹی آئی کے 13 خفیہ اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں۔

این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کے کاغذات پر اعتراض پر رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے بنیاد اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے تصدیق کر سکتے ہیں۔