اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو کوئی خطرہ نہیں، اپنے نمبرز پورے دکھائیں گے: بلاول بھٹو

لاہور: (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری (Bilawal Bhutto) نے کہا ہے کہ اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو ہم اپنے پورے نمبرز دکھائیں گے، اس حوالے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں، ہمارا فوکس اس وقت بلدیاتی انتخابات پر ہے۔

نجی چینل سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری (Bilawal Bhutto ) نے کہا کہ بلدیاتی ہوں یا عام انتخابات پیپلز پارٹی نہیں ڈرتی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کنفیوژن کلیئر ہو چکی ہے، کل ہی الیکشن کیلئے پولنگ ہو گی، پیپلزپارٹی کی مکمل تیاری ہے، انشااللہ ہم پرامید ہیں ہم اپنی اسپیس لیں گے، کارکن بھرپور تعداد میں نکل کر ووٹ کا حق استعمال کریں۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے معیشت مشکل میں تھی، ان کو نظر آ رہا ہے معیشت مشکل سے نکل آئے گی، وہ اسی وجہ سے معاملات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان نے تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا کیا، ضروری ہے پاکستان کو پہلے مشکل صورتحال سے نکالا جائے، ملک کے مفاد میں نہیں کہ فوری عام انتخابات میں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جنیوا کانفرنس کامیاب رہی، دوست ممالک نے پاکستان کی امداد کیلئے بڑے اعلان کیے ہیں،عمران خان نے پہلے بھی آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی، وہ عوام کی خدمت کرنے اور دہشت گردوں کو شکست دینے کے بجائے ذاتی مفادات کا سوچ رہے ہیں، امید کرتا ہوں ایم کیو ایم ایک بہت پرانی سیاسی جماعت ہے، وہ غیر سیاسی فیصلہ نہیں کرینگے اور الیکشن میں حصہ لیں گے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔