محمد اعظم خان نے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اُٹھا لیا

پشاور (نیوز ڈیسک) -جناب محمد اعظم خان (Azam Khan) نے آج پشاور میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ حلف اُٹھا لیا۔

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے حلف لیا، گورنر ہائوس میں حلف برداری تقریب میں سیاسی رہنمائوں سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اس سے قبل نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے اپوزیشن اور حکومت نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا، وزیراعلیٰ محمود خان اوراپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا۔

اکرم درانی نے کہا اعظم خان (Azam Khan) کے نام پر کسی کو اعتراض نہیں، فنانس اور انتظامی امور سے واقف ہیں، وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلیٰ نے بیٹھ کر اہم فیصلہ کیا۔

اعظم خان سابق بیوروکریٹ اور سابق صوبائی وزیر رہ چکے ہیں، کے پی کے چیف سیکرٹری اور وفاق میں کئی وزارتوں کے سیکرٹری بھی رہے، اُن کا تعلق چارسدہ سے ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صاف اور شفاف انتخابات ترجیح ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔

اعظم خان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا مسئلہ ہے، کوشش کریں گے کہ امن قائم رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے صوبہ کے بقایاجات کا مسئلہ بھی اٹھائیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ این ایف سی، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈز کا معاملہ وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوشش کریں گے کہ بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دیں۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔