صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے بیوی کو قتل کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے کے ہاتھوں اس کی اہلیہ کے قتل کے حوالے سے ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
فیملی ذرائع کے مطابق مقتولہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہ نواز سے رابطہ ہوا، پھر 3 ماہ قبل دونوں نے شادی کر لی۔

مقتولہ سارہ دبئی میں ملازمت کرتی تھی. گزشتہ روز ہی دبئی سے پاکستان پہنچی تھی، رات گئے شاہ نواز کی مقتولہ سارہ سے تکرار شروع ہوئی تھی۔

سارہ نے گزشتہ روز پاکستان پہنچ کر گاڑی بھی خریدی تھی۔

ذرائع کے مطابق شاہ نواز نے سارہ کے سر پر لوہے کی چیز (ڈمبل) ماری، سر پر چوٹ لگنے سے سارہ بے ہوش ہو گئی تو شاہ نواز نے اسے باتھ روم کے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایاز امیر کی سابقہ اہلیہ فارم ہاؤس پر بیٹے کے ساتھ مقیم تھیں، شاہ نواز کی والدہ نے واقعہ دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔

فارنزک ٹیم نے موقع سے تمام شواہد اور آلۂ قتل برآمد کر کے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ شاہ نواز کو حراست میں لے لیا گیا ہے، مقتولہ سارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔