عمران خان پر حملہ، مقدمے کے تفتیشی افسر کو بدل دیا گیا

وزیرآباد میں سابق وزیراعظم عمران خان پر کیے گئے حملے(Attack on Imran Khan) کی تحقیقات کے مقدمے کے تفتیشی افسر انسپیکٹر رانا امتیاز کو تبدیل کردیا گیا۔اس حوالے سے بننے والی جے آئی ٹی کے ذرائع کے مطابق گریڈ 18 کے آفیسر انور شاہ کو نیا تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے جو اینٹی کرپشن لاہور میں ڈائریکٹر ویجیلینس کے عہدے پر تعینات ہیں۔

ذرائع کے مطابق تفتیش سے متعلق تمام دستاویزات بھی نئے تفتیشی آفیسر کو منتقل کردیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران اب تک جائے وقوعہ سے 36 فرانزک شہادتیں جمع کی گئیں، شہادتوں کے ٹیسٹ کے لیے مختلف اشیاء کے 31 پارسل فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے جوتے، جائے وقوعہ سے ملنے والے خون کے مختلف سیمپلز، خون آلود کپڑے اور گولیوں کے خول فرانزک لیب بھجوائے گئے۔

ذرائے کا کہنا ہے کہ فرانزک لیب کی رپورٹ کے بعد ہی مقدمے کی تفتیش میں حتمی سمت کا تعین کیا جائے گا۔

انور شاہ کو جے آئی ٹی کے کنوینئر سی سی پی او لاہور کی سفارش پر تفتیشی آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔