پاکستان کو ADB سے ڈیڑھ ارب ڈالرز منتقل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان کے مرکزی بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان (State Bank of Pakistan) کے ذرائع نے خوشخبری سنائی ہے کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک (Asian Development Bank ) سے ڈیڑھ ارب ڈالرز پاکستان کو منتقل ہو گئے ہیں۔جس کے بعد پاکستان کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالرز سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالرز قرض کے معاہدے کی تقریب ہوئی تھی۔

تقریب میں اے ڈی بی کے بریس پروگرام کے تحت پاکستان کو قرض کی فراہمی کے معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور کاظم نیاز اور کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی یونگ ای نے دستخط کیے۔

تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور ڈائریکٹر جنرل اے ڈی بی یوجین زوخوف موجود تھے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اے ڈی بی کے بریس پروگرام معاہدے اور اقتصادی بحالی میں ترقیاتی شراکت داروں کے کردار کو سراہا اور 1.5 بلین ڈالرز کی بجٹ سپورٹ کی منظوری پر ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے ڈی بی کا یہ قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کم کرنے میں مدد دے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہمارخور وزٹ کریں۔