جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی

کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے ۔ میچ کے تیسرے روز 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈین ایلگر30 اور ایڈن مارکرم 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے روز کیگن پیٹرسن نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز سکور کرکے جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط کی جس کے بعد کپتان ٹمبا باووما اور رسی وین ڈر ڈسن نے چوتھی وکٹ کے لیے 56 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی ۔

باووما 32 اور وین ڈر ڈسن 41 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی ،شردل ٹھاکر اور جسپریت بمرا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم اپنی دوسراننگز میں 198 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ بھارت کی جانب سے رشبا پنت 100 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں ویرات کوہلی 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جین سن نے چار جبکہ کگیسو ربادا اور انگیڈی نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔