اب جو کچھ بھی ہے دانیہ کا ہے، والدہ کا دعویٰ

عامر لیاقت حسین(Amir Liaquat Hussain) کی تیسری اہلیہ، دانیہ ملک کی والدہ نے دعویٰ کیا ہے کہ میزبان عامر لیاقت حسین کی اب جتنی جائیداد ہے دانیہ کی ہے۔

ٹک ٹاکر دانیہ ملک کی والدہ کی جانب سے حال ہی میں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے انٹرویو دیا گیا ہے۔

اس دوران اُنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’اُن کے داماد، عامر لیاقت حسین اپنی زندگی میں یہ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی پہلی دو بیگمات اور بچوں کو اُن کا حصہ دے چکے ہیں، اُن کا حق ادا کر چکے ہیں، اب جو کچھ بھی ہے دانیہ کا ہے‘۔

دانیہ ملک کی والدہ کا مزید کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین اپنی زندگی میں یہ بات کہہ چکے ہیں کہ ’دانیہ ملک میری بیوی ہے، میں اپنی ساری جائیداد اب اسے دوں گا‘۔

دانیہ ملک کی والدہ کا کہنا ہے کہ ’ہم نے عدالت میں کسی قسم کی جائیداد کا دعویٰ نہیں کیا ہے، بس تنسیخِ نکاح کا دعویٰ کیا تھا، اُس پر فیصلہ ہونے سے قبل ہی عامر لیاقت کی وفات ہو گئی، دانیہ ملک عامر لیاقت حسین کی بیوہ ہے‘۔

یاد رہے کہ دانیہ ملک چونکہ آج کل اپنے شوہر عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد عدت میں ہیں، سوشل میڈیا پر اُن کی غیر موجودگی میں دانیہ ملک کی والدہ انٹرویوز دے رہی ہیں۔