فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ میں عمران خان سے متعلق بھی کچھ ہے ؟

پاکستانی معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنی آنے والی نئی فلم ’ گھبرانا نہیں ہے‘(Aapney Ghabrana Nai hai) سے متعلق ایک غلط فہمی دور کر دی ہے۔

صبا قمر آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ’ گھبرانا نہیں ہے‘ کی پروموشن کے لیے مختلف شہروں کے دورے کر رہی ہیں ۔

اس دوران اُن سے ایک صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ ’کیا اُن کی آنے والی نئی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بھی کچھ ہے؟‘

جس کا جواب دیتے ہوئے صبا قمر کا کہنا تھا کہ ’ہم سب بچپن ہی سے گھبرانا نہیں ہے جملہ سنتے ہوئے آ رہے ہیں مگر اس جملے کو زیادہ شہرت عمران خان کے بار بار دہرانے کے سبب ملی ہے، یہ جملہ عمران خان کی لائن بن چکا ہے جو کہ ہم سب کو بہت پسند ہے مگر اُن کی فلم میں عمران خان سے متعلق کچھ بھی نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا نیٹ ورک، جیو کے بینر تلے عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جانے والی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کی پروموشن زورو شور سے جاری ہے جس کے سلسلے میں گزشتہ دنوں صبا قمر نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں بھی شرکت کی تھی۔

اس فلم میں صبا قمر کے مدِ مقابل بطور ہیرو، اداکار زاہد احمد نظر آئیں گے۔