انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ ( ICC Chairman Jaye Shah) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے زیر التوا معاملات کو نظرانداز کرتے ہوئے اچانک آسٹریلیا روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے اس اقدام نے کرکٹ حلقوں میں کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ ( ICC Chairman Jaye Shah) جے شاہ برسبین میں موجود ہیں، جہاں ان کے ہمراہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عبوری سیکریٹری دیو جیت سائیکیا بھی موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، جے شاہ کا یہ دورہ ممکنہ طور پر آئندہ اولمپکس کی میٹنگ میں شرکت کے لیے ہے۔ اس کے علاوہ وہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کو بھی ملاحظہ کریں گے۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے متعلق کئی اہم امور حل طلب ہیں، خصوصاً پاکستان میں اس ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے کئی معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ اس پس منظر میں جے شاہ کا آسٹریلیا جانا مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دے رہا ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جے شاہ کے اس دورے کے دوران کرکٹ آسٹریلیا اور بی سی سی آئی کے درمیان ممکنہ مشاورت بھی ہو سکتی ہے، کیونکہ ماضی میں کرکٹ آسٹریلیا کو آئی سی سی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے قریب تصور کیا جاتا رہا ہے۔
جے شاہ کی غیر موجودگی میں چیمپئنز ٹرافی کے معاملات مزید تاخیر کا شکار ہو سکتے ہیں، جس پر کئی شائقین اور کرکٹ کے ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔