راولپنڈی(کامرس ڈیسک)یوکے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی سفر کی بحالی کی راہ ہموار ہو گی۔ محمد شہروز شمس قصوری کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے مسافروں کے لیے ٹیسٹنگ کو آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو نہ صرف عام افراد بلکہ دونوں ممالک کے درآمد و برآمد کنندگان کے لیے اچھا شگون ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکتدار ہے جس نے 2020 کے دوران 1.73 بلین ڈالر مالیت کے کپڑے ، سوئیٹر اور دیگر اشیاءدرآمد کیں اور 611.36 ملین یورو مالیت کے آئرن ، سٹیل ، کیمیائی مصنوعات اور الیکٹرانک وغیرہ پاکستان کو برآمد کیے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم 2 ملین سے زائد پاکستانیوں کو بھی اس فیصلے سے فائدہ ہوگا، ان میں سے اکثریت کاروبار سے وابستہ ہے جو پاکستان کے لیے زرمبادلہ کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس فیصلے کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔