یورپین کمیشن کی کم آمدنی والے ممالک کیلئے نئی جی ایس پی سکیم کی تجویز

نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپین کمیشن کی جانب سے کم آمدنی والے ممالک میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کیلئے نئی جی ایس پی سکیم کی تجویز پیش کی گئی ہے۔اس سکیم کا دورانیہ بھی پہلے ہی کی طرح 10 سال کیلئے ہوگا جو 2024ء میں شروع ہو کر 2034ء تک جاری رہے گا۔اس بات کا اعلان یورپین ٹریڈ کمشنر برائے تجارت والدیس دومبرو وسکس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔نئی آنیوالی سکیم میں اب 6 مزید نکات کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد جی ایس پی کے امیدوار ملک کو 27 کی بجائے اب 33 نکات پر عمل کرنا ہوگا۔ان نئے 6 نکات میں معذور افراد اور بچوں کے حقوق کے علاوہ بین الاقوامی منظم جرائم پر کنونشنز اور کیوٹو پروٹوکول کی جگہ موسمیاتی تبدیلی کا پیرس ایگریمنٹ شامل کیا گیا ہے۔نئی اسکیم میں بھی 3 کیٹگریز شامل ہوں گی۔پہلی کم آمدنی یا لوئیر مڈل انکم ممالک کے لیے اسٹینڈرڈ جی ایس پی۔دوسری کمزور ممالک کیلئے جی ایس پی پلس، لیکن اس کے لیے انہیں اچھی حکمرانی اور پائیدار ترقی کے لیے وعدے اور اقدامات اٹھانا ہوں گے۔تیسری انتہائی کم ترقی یافتہ ممالک کیلئے (ایوری تھنگ بٹ آرمز) اسلحہ کے علاوہ سب کچھ شامل ہوگا۔اس کے علاوہ نئی سکیم میں جو ملک بھی بین الاقوامی ماحولیاتی اور گڈ گورننس کی خلاف ورزی کرے گا اس سے یہ دی گئی ترجیح واپس لینے کے لیے بھی نیا نظام فعال کر نے کیلئے نئے اقدامات شامل کیے جائیں گے۔اسی طرح نئی سکیم میں کیے گئے وعدوں کی نگرانی کا سنگل انٹری پوائنٹس نظام بھی دیا جا رہا ہے اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ اس اسکیم کے ذریعے آنے والی درآمدات یورپین صنعت کو نقصان نہ پہنچائیں۔یورپین کمیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی اس اسکیم پر اب کونسل اور یورپین پارلیمنٹ کی تائید حاصل کی جائے گی جبکہ اس پر عملدرآمد کا آغاز موجودہ اسکیم کے دسمبر 2023ء کے اختتام کے ساتھ شروع ہوگا۔اس حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپین ٹریڈ کمشنر نے کہا کہ یورپ نے اس خصوصی اسکیم کے ذریعے کمزور ممالک کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ بنا کسی ٹیکس یا ڈیوٹی کے اپنی مصنوعات یورپین مارکیٹ میں لا سکیں۔اسی طرح سی اسکیم کے ذریعے ہم نے بہت سے ممالک کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے ہاں انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات اور اچھی حکمرانی کو فروغ دیں۔سکیم کے تحت آج 67 ممالک کے ڈیڑھ ارب مزدور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔پاکستان بھی اس وقت جی ایس پی پلس کے تحت اپنے سالانہ ریویو سے گزر رہا ہے۔