کراچی: سیکریٹری سندھ بار کونسل قاتلانہ حملے میں جاں بحق

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں لڑکی کو اسکول چھوڑنے والے سندھ بار کونسل کے سیکریٹری کو کار میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

وکلا کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ معروف قانون دان نعیم قریشی اور دیگر وکلاء کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

وکیل نعیم قریشی کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر میں رہائش پذیر تھا۔

نعیم قریشی کے مطابق عرفان مہر وکیل نہیں تھے بلکہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری کے طور پر کام کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے عرفان پر متعدد گولیاں برسائیں اور فرار ہوگئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے پینٹ پہنا ہوا تھا۔ عرفان مہر کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور وہ واقعے کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں۔